Urdu AI Master Class
Feb 02, 2025 3:20 pm
دوستو!
آپ کی رجسٹریشن کا بہت شکریہ! آپ نے ایک ایسے سفر کا انتخاب کیا ہے جو نہ صرف آپ کی مہارت میں اضافہ کرے گا بلکہ آپ کے لیے نئے مواقع کے دروازے بھی کھول سکتا ہے۔ ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں AI دنیا کو بدل رہا ہے – بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے قصبوں تک، ہر جگہ تبدیلی آ رہی ہے۔ یہ صرف سافٹ ویئر انجینئرز یا تکنیکی ماہرین کے لیے نہیں، بلکہ ہر اس شخص کے لیے ہے جو کمپیوٹریا موبائل سے واقف ہے اور اپنے شعبے میں کچھ نیا کرنا چاہتا ہے۔
میں کوئی ماہر نہیں، لیکن پچھلے دو سالوں میں جو کچھ سیکھا ہے، وہ آپ سب کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ میرا یقین ہے کہ AI کسی خاص طبقے تک محدود نہیں، بلکہ یہ ہر اس شخص کے لیے ہے جو اسے سمجھنے اور استعمال کرنے کی کوشش کرے۔ چاہے آپ طالب علم ہوں، فری لانسر، بزنس مین، یا کسی بھی فیلڈ میں کام کر رہے ہوں، AI آپ کے کام کو آسان بنا سکتا ہے اور آپ کی ترقی کو تیز کر سکتا ہے۔
یہ ماسٹر کلاس صرف ٹولز سیکھنے کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ یہ سمجھنے کے بارے میں ہے کہ ہم ان ٹولز سے کیا کر سکتے ہیں۔ٹیکنالوجی ہمیشہ بدلتی رہے گی، آج کے ٹولز کل پرانے ہو جائیں گے، مگر اصل چیز سیکھنے کی لگن اور AI کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی صلاحیت ہے۔ ہم یہاں صرف مشینی مہارت نہیں سیکھ رہے، بلکہ AI کو اپنی زندگی میں حقیقی مسائل کا حل بنانے کا طریقہ سیکھ رہے ہیں۔
یہاں کوئی کسی سے بڑا یا چھوٹا نہیں، نہ کوئی زیادہ پڑھا لکھا ہے اور نہ ہی کم، اس کلاس میں سب برابر ہیں۔ یہاں نہ کوئی جج کرے گا، نہ کوئی جج ہونے کا ڈر ہوگا۔ سیکھنے کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، چاہے آپ طالب علم ہوں، فری لانسر، بزنس مین، یا کوئی ایسا شخص جو بس کچھ نیا سیکھنے کی خواہش رکھتا ہو۔
یہ کیسے کام کرے گا؟
📌 تمام رجسٹرڈ افراد کو ہر دو دن بعد ایک نئی ویڈیو موصول ہوگی، جس کا لنک پرائیویٹ ہوگا، یعنی یہ ویڈیوز صرف رجسٹرڈ افراد ہی دیکھ سکیں گے، عام پبلک کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔
📌 ویڈیوز دیکھنے کے بعد، آپ کو دو دن کے اندر اپنے سیکھے ہوئے نکات ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں شیئر کرنے ہوں گے۔ یہ آپ کی لرننگ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی لرننگ میں بھی مدد دے گا۔
📌 اگر کوئی دوست فیڈبیک نہیں دے گا، تو ہم سمجھیں گے کہ انہیں دلچسپی نہیں ہے، اور پھر ہم اگلی ویڈیو نہیں بھیجیں گے۔ یہ میں اس لیے کر رہا ہوں کہ چونکہ یہ فری کورس ہے، تو میں چاہتا ہوں کہ میں جِن کے لیے محنت کر رہا ہوں، انہیں اس بات کا احساس رہے کہ کوئی ان کے لیے واقعی محنت کر رہا ہے۔
ہم کوشش کریں گے کہ دس سے پندرہ ویڈیوز میں اپنی کلاس مکمل کریں۔ ہر ویڈیو دس سے پندرہ منٹ کی ہوگی، تاکہ آپ آسانی سے سیکھ سکیں۔ ساتھ ہی، ویڈیوز کے ساتھ پی ڈی ایف نوٹس بھی بھیجنے کی کوشش کریں گے، تاکہ آپ کے پاس ریفرنس کے لیے مواد موجود ہو۔
آپ ہمارا پرائیوٹ فیس بک گروپ اور یوٹیوب چینل جوائن کریں۔
www.facebook.com/groups/urduaiorg
Youtube:
https://www.youtube.com/@Urduaiorg
آپ کا دوست
قیصر رونجھا